Archive for the 'متفرقات' Category

Oct 09 2009

ٹوئٹر پر سمائلز کیسے شامل کریں؟

شائع کیا: ماوراء زمرہ: متفرقات

ٹوئٹر اور فیس بک پر مجھے سب سے زیادہ ایموشنز آئکونز کی کمی محسوس ہوتی ہے۔ آج ٹوئٹر پر سمائلز شامل کرنے کا طریقہ معلوم ہوا تو سوچا بلاگ پر بھی لکھا جائے، شاید بہت سوں کو پہلے سے علم بھی ہو.

#1 TwitterKeys

emoticons2

ٹوئٹر کیز ایک ایسا ٹول ہے جو مختلف علامات کو ظاہر کرتا ہے۔ آپ ان علامات کو ٹویٹ کرتے ہوئے کاپی پیسٹ کر کے استعمال کر سکتے ہیں۔ جیسے۔۔ پڑھنا جاری رکھیں۔۔۔ »

15 تبصرے

Feb 15 2009

سنہری الفاظ

شائع کیا: ماوراء زمرہ: متفرقات

  • “مجھے ان لوگوں سے گله نہیں ہے جو کسی کو اس کی نسل یا ہنر سے حقیر جانتے ہیں
    ہاں، مجھے گله ہے،ان سے
    جو خود کو حقیر جان کر اپنی اصل کو چھپانے کی کوشش میں ہوتے ہیں ـ”[خاور]

  • “جو قوم اپنی عزت نہ کرے اسکی دوسری قومیں کبھی عزت نہیں کریں گی…”[احمد]

ایک تبصرہ ہوا ہے

Dec 15 2008

پاکستانی اخبار

مجھے تو پاکستانی اخبار دیکھے ہوئے کافی عرصہ ہو گیا ہے، لیکن ہمارے ٹیچر نے پچھلے دنوں پاکستانی اخبارات پر کافی تنقید کی۔ دراصل ہم نے نومبر میں اخبارات ، اخباری تصاویر اور اشتہارات پر کام کیا۔  جس میں ہمیں مختلف اخباروں کا تجزیہ کرنا تھا۔ ہم نے تو جو کیا سو کیا۔۔۔لیکن ہمارے ٹیچر نے برے معیار کے اخبارات میں پاکستان کے اخبارات کی مثال دی۔ اخبارات میں تصاویر کی کمی  کے ساتھ ساتھ ٹیکسٹ انتہائی چھوٹا اور کالمز کو انتا لمبا کیا ہوتا ہے جس سے خبر پڑھتے وقت تسلسل قائم نہیں رہ سکتا۔ اور اخبارات کی سیاہی اتر کر ہاتھوں پر لگتی رہتی ہے۔ اخبارات کا معیار اچھا کرنے کے لیے یقینا پیسہ لگانا پڑتا ہے۔ جو ہر کوئی نہیں کر سکتا۔ اور سب سے اہم بات پاکستانی اخبارات میں اشتہارات کی بھرمار ہوتی ہے، جہاں خبر ہونی چاہیے وہاں آپ کو اشتہارات نظر آ رہے ہوتے ہیں۔

نیچے دی گئی اخبارات میں تصاویر تو مجھے نظر آہی رہی ہیں۔ :)

Source: daylife.com

اخبارات کی ویب سائٹ دیکھنے پر بھی یہی پتہ چلتا ہے کہ پاکستانی اخبارات کی ویب سائٹس کا کوئی اچھا حال نہیں ہے۔ اگر ہم کچھ نیوز سائٹس کا مشاہدہ کریں:

Pakobserver.net

2- nation.co.ke

3- aftenposten.no

nation.co.ke اپنے تھیم کے ساتھ بہت بہتر سائٹ ہے۔ امریکہ کے انتخابات کی  آخری رات جب ہر اخبار کی ٹاپ سٹوری میں امریکہ کی خبر تھی، تب پاک ابزرور پر صبح تک کوئی اور ہی خبر تھی۔ پاک ابزرور کے بارے میں مجھے معلوم نہیں کہ کتنی بڑی سائٹ ہے، لیکن اپنی شرمندگی ختم کرنے کے لیے میں نے جھٹ سے  ڈان اور دی نیشن کا نام لیا۔   ڈان کا صفحہ کھولا تو ٹیچر کو سمجھ ہی نہ آئے کہ جانا کہاں ہے۔ :p صفحہ کھولتے ساتھ سامنے تو کچھ اور ہی کھل جاتا ہے۔۔جس میں اشتہارات چمکتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔

دی نیشن کی سائٹ کچھ بہتر تھی۔ ہم چونکہ تصاویر پر کام کر رہے تھے تو دی نیشن پر  ہمیں تصاویر بہت اچھی مل گئیں۔ جس سے ہمیں (پاکستانیوں کو) مزید شرمندہ نہیں ہونا پڑا۔

18 تبصرے

Aug 10 2008

یہ بابا جی انسان ہی ہیں نا؟

شائع کیا: ماوراء زمرہ: متفرقات

عمر 84 بیویاں 86 یہ خبر آپ سب نے یقینا بی بی سی اردو پر پڑھی ہی ہو گی۔ دو دن سے میں یہی سوچ رہی ہوں کہ مسلمان بھی کیا چیز ہیں۔ 84 سالہ بابا جی کا کہنا ہے کہ۔۔۔

” قرآن میں چار سے زیادہ شادی کرنے والے شخص کے لیے کسی طرح کی سزا کی بات نہیں کی گئی ہے۔”

ابو بکر کی 86 بیویاں اور 170  بچے ہیں۔ وہ نائجیریا میں رہتے ہیں اور اپنے بیوی بچوں کے ساتھ نہایت ہی پر سکون اور خوشی سے زندگی گزار رہے ہیں۔ لیکن اس کے ساتھ ہی وہ کہتے ہیں کہ باقی مرد اس کو ایک مثال نہ بنائیں۔:)

ابوبکر کا کہنا ہے کہ ’میں بیویوں کی تلاش میں نہیں جاتا وہ میرے پاس آتی ہیں۔‘

سبحان اللہ۔ کیا کہنے ہیں۔ اگر عورتیں پاس آتی بھی ہیں تو یہ بابا جی کیا انہی کے انتظار میں بیٹھے ہوتے ہیں؟

انکی ایک بیوی شریفت بیلو ابوبکر نے بتایا: ’جیسے ہی میں ان سے ملی میرے سر کا درد جاتا رہا۔ اللہ نے مجھے بتایا کہ ان سے شادی کرنے کا وقت آگیا ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ میری ان سے شادی ہوئی ہے۔ ‘

Rolling on the floorSarcastic

کیا اتنی بے وقوف عورتیں بھی ہوتی ہیں؟

بابا جی سے یہ پوچھنے پر کہ ان کے خاندان کا گزارا کیسے ہوتا ہے تو نہایت ہی دلچسپ جواب دیا کہ۔۔۔

’سب اللہ کی مہربانی ہے۔ ‘

یہ مہربانی کیا صرف چھیاسی شادیاں کرنے والے کے گھر میں ہی ہوتی ہے؟

ابوبکر کی زیادہ تر بیویوں کی عمر 25 برس سے بھی کم ہے اور ان کی بیویوں نے بی بی سی کوبتایا وہ ابوبکر کے پاس اپنی بیماریوں کا علاج کرانے کی مقصد سے آئی تھیں اور انکی مدد سے انکی بیماری ٹھیک بھی ہوگئی۔

مکمل خبر بی بی سی پر پڑھیں۔ میں بس یہ دلچسپ خبر بلاگ پر سیو ہی کرنا چاہ رہی تھی۔

28 تبصرے

Jun 28 2008

امام ابوحنیفہ اور خلیفہ منصور

شائع کیا: ماوراء زمرہ: متفرقات

عباسی خلیفہ منصور سے اس کی بیوی کی شکایت یہ تھی کہ خلیفہ شوہر کی حیثیت سے عدل و انصاف نہیں کر رہا۔ منصور کو یہ بات تسلیم نہ تھی۔ آخر منصور نے ثالث کی تجویز رکھی۔ بیوی نے امام ابو حنیفہ کا نام تجویز کیا۔
امام ابو حنیفہ کو بلایا گیا۔ خاتون پردے کے پیچھے بیٹھی اور گفتگو کا آغاز ہوا۔ خلیفہ منصور نے گفتگو کو اس سوال سے اٹھایا کہ “ازروئے شریعت ایک مرد کو کتنے نکاح کرنے کی اجازت ہے؟“
“چار“ ابو حنیفہ نے مختصر اور سادہ سا جواب دیا۔
منصور نے فاتحانہ انداز میں پردے کی طرف رخ کر کے خاتون سے کہا “سنتی ہو؟“
“جی ہاں سنا۔۔۔“ خاتون نے جواب دیا اور اس کی آواز میں نسوانی موقف کے سلسلے میں دبی دبی پکار تھی۔ امام ابو حنیفہ سے آواز سنی تو معاملے کو بھانپ لیا۔ فوراً خلیفہ کی طرف رخ کر کے کہا “لیکن یہ اجازت اس شخص کے لیے خاص ہے جو عدل و انصاف پر قادر ہو۔ ورنہ ایک سے زیادہ نکاح کرنا ٹھیک نہیں ہے۔“
خلیفہ کے موقف کے خلاف یہ اعلائے کلمتہ الحق پوری جرات اور قوت کے ساتھ کیا گیا تھا۔ خلیفہ نے احساس شکست کے ساتھ سر جھکا لیا۔ پس پردہ خاتون اپنا مقدمہ جیت چکی تھی۔ ابو حنیفہ مکان پر واپس چلے گئے۔

جیسے ہی امام صاحب گھر پہنچے۔ ایک شاہی غلام خاتون کی طرف سے پچاس ہزار کی مالیت کا تحفہ لیے ہوئے پہنچا۔ اور کہا کہ یہ خلیفہ کی بیوی نے بھیجا ہے اور کہا ہے کہ آپ کی کنیز سلام عرض کرتی ہے اور آپ کی حق گوئی کی دل سے شکر گزار ہے۔
امام ابو حنیفہ نے اس بیش قیمت عطیہ کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہلا دیا : میں نے محض اپنا فرض ادا کیا ہے۔ جس کے پیچھے میری کوئی ذاتی خواہش اور غرض نہیں ہے۔

ذرائع: نویدِ سحر مجلہ

5 تبصرے

Mar 21 2008

خوابوں کی دنیا

شائع کیا: ماوراء زمرہ: متفرقات

 

ہم سب ہر رات خواب دیکھتے ہیں۔ اب خواب کی کئی قسمیں ہوتی ہیں، لیکن عام طور پر ہم دو طرح کے خواب دیکھتے ہیں۔ سوتی آنکھوں کے خواب اور جاگتی آنکھوں کے خواب۔۔!  کن خوابوں کی اہمیت ہوتی ہے یہ خواب دیکھنے والے پر منحصر ہے۔

 dreamland ڈریم لینڈ کے مین گیٹ کی تصویر یہاں سے لی گئی ہے۔
خواب “ہمارے احساسات، خیالات اور تصورات کا نتیجہ ہوتے ہیں جو سوتے ہوئے ہمارے دماغ میں آتے ہیں۔“ ہم اپنے خواب میں کہیں بھی جا سکتے ہیں، کچھ بھی کر سکتے ہیں اور کچھ بھی بن سکتے ہیں۔ خواب دیکھتے ہوئے ہم کسی اور ہی دنیا میں پہنچ جاتے ہیں۔ یعنی حقیقی زندگی کے دروازے سے باہر نکل کر خوابوں کی دنیا کے دروازے کے اندر داخل ہو جاتے ہیں۔ اس کے بعد ہم اس عالمِ خواب میں کیا دیکھتے ہیں۔کیا کرتے ہیں، کبھی کبھار ہم وہ کچھ دیکھتے ہیں کہ دل کرتا ہے ہمیشہ کے لیے یہیں رہ جائیں، اور یہی حقیقت ہو۔ اور کبھی کبھار ہم وہ کچھ دیکھتے ہیں کہ ہم اکثر خواب میں ہی سوچتے ہیں کہ یہ خواب ہی ہو، یہ سچ نہیں ہو سکتا ہے۔ 

شاہدہ نے کچھ دن پہلے خوابوں کے بارے میں لکھا تھا۔ اتفاق سے خوابوں کے بارے لکھنے کا میں نے سوچا تھا، لیکن شاہدہ کی تحریر کے بعد سوچا تھوڑا سا(زیادہ نہیں) تفصیل سے لکھوں۔

اگر آپ کو کوئی کہتا ہے کہ وہ خواب نہیں دیکھتا۔ تو وہ جھوٹ کہتا ہے۔ ہر کوئی خواب دیکھتا ہے۔ ہم ہر رات اوسطاً ایک سے دو گھنٹے خواب دیکھتے ہیں۔ اور ایک رات میں ہم چار سے سات خواب دیکھتے ہیں۔ خواب ختم ہونے کے پانچ منٹ بعد ہم خواب کا آدھا جبکہ دس منٹ کے بعد ٩٠٪ حصہ  بھول جاتے ہیں۔
اگر آپ کی زندگی میں خوابوں کی اہمیت ہے تو آپ خواب ضرور یاد رکھتے یا کرنے کی کوشش کرتے ہونگے۔ کچھ ایسے خواب بھی ہوتے ہیں، جن کو ہم بھلانا نہیں چاہتے۔ اور کچھ بھلائے نہیں بھولتے۔  خوابوں کو یاد رکھنا اس لیے ضروری ہے کہ بہت سے خواب آپ کی حقیقی زندگی میں بہت مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ کیونکہ ہو سکتا ہے کہ آپ کے خواب آپ کی خفیہ خواہشات اور لاشعوری احساسات کو ظاہر کر دے۔ خواب کو یاد رکھنے سے آپ کو اپنے آپ کو جاننے میں مدد مل سکتی ہیں۔ آپ کو آگاہی مل سکتی ہے۔ کیونکہ خواب میں آپ کو کوئی بھی ایسا اشارہ مل سکتا ہے، جسے آپ حقیقی زندگی میں استعمال میں لا سکتے ہیں۔
ٹیلی پیتھی کا بھی ایک اصول ہے کہ اپنے خواب یاد رکھنے کے لیے یا تو خواب کسی کو سنائیں یا پھر اسے کاغذ پر لکھ لیں یا بول کر ریکارڈ کر لیں۔ اور کچھ عرصے بعد اسے سنیں یا پڑھیں۔

مجھے خواب دیکھنے کا بہت شوق ہے۔ دن ہو یا رات، گھر یا باہر خواب ۔۔خواب۔۔اسی لیے اب میں نے ڈریم لینڈ میں ہی رہنا شروع کر دیا ہے۔Open-mouthedاپنے تجربے سے میں بتاتی ہوں کہ اگر آپ نے کوئی خاص خواب دیکھنا ہے، تو سونے سے پہلے آنکھیں بند کر کے پوی یکسوئی کے ساتھ سوچیں کہ آج رات آپ یہ خواب دیکھیں گے۔ اگر آپ نے اپنے دماغ کو پورے فوکس پر رکھ کر سوچا ہے تو یقین کریں آپ مطلوبہ خواب دیکھ لیں گے۔ حقیقی زندگی میں آپ کو سمجھ نہیں آ رہی کہ آپ کو کوئی کام کیسے کرنا ہے، رات کو سچے دل (یکسوئی) سے  اللہ سے دعا کر کے سوئیں کہ رات مجھے خواب میں بتا دے۔  یا کوئی ایسی بات ہے جس کو آپ سوچ رہے ہیں، یا پھر کوئی ایسی بھی بات ہے جو آپ ظاہری طور پر سوچ تو نہیں رہے لیکن ہمارے لاشعور میں وہ بات ہوتی ہے۔ آپ جو دن بھر سوچتے ہیں، اس بارے میں بھی خواب آتا ہے۔
بہت پہلے کہیں پڑھا تھا مجھے ٹھیک سے یاد نہیں لیکن شاید ہندو مذہب میں یہ ماننا ہے کہ رات جب ہم سوتے ہیں تو ہماری روح جسم سے نکل کر دنیا کی سیر کو نکل جاتی ہے۔ اور جو روح دیکھتی ہے وہی ہمیں خواب کی صورت میں یاد رہتا ہے۔

اچھا، ہم میں سے بہت سے یا شاید سبھی کہتے ہیں کہ میں نے ایسا خواب دیکھا اور وہ سچ ہو گیا۔ تو وہ سچ ہی کہتے ہیں کہ ایسے خوابوں کو “الہامی خواب“ کہتے ہیں۔ جس میں ہمیں ہونے والے واقعہ کے بارے میں کسی نہ کسی طرح اشارہ ہو جاتا ہے۔ ایک حقیقت یہ بھی ہے کہ جاگنے کی نسبت خواب کے دوران ہمارا دماغ زیادہ تیزی سے کام کرتا ہے۔

خوابوں کی مختلف قسمیں ہوتی ہیں۔

  •  Daydreams

ہم دن میں اوسطاً ٧٠ سے ١٢٠ منٹ تک خواب دیکھتے ہیں۔ دن کے خواب ہم جاگتے ہوئے اور ایسی نیند جس میں ہمارے شعور بیدار ہوں، دیکھتے ہیں۔ تب ہمارا دماغ سوچ میں گم ہو جاتا ہے اور ہماری بیداری (آگاہی) کا لیول کم ہو جاتا ہے۔

  • Lucid Dreams

وہ ہیں، جب آپ کو احساس ہوتا ہے کہ آپ خواب دیکھ رہے ہیں۔ بہت سے خواب دیکھنے والے اپنے آپ کو جگا دیتے ہیں جب ان کو احساس ہوتا ہے کہ وہ خواب دیکھ رہے ہیں۔ اور کچھ خواب دیکھتے رہتے ہیں۔

  • Nightmares

وہ ہیں، جو آپ کو پریشان کر دیتے ہیں اور آپ جاگ جاتے ہیں اور آپ کو خوف اور گھبراہٹ کا احساس ہوتا ہے۔ اور ان کا تعلق آپ کی حقیقی زندگی سے ہو سکتا ہے، شاید آپ کی زندگی میں کوئی ایسی صورتِ حال ہو اور اسی سے متعلق آپ کو ایسے خواب آئیں۔

  • Recurring Dreams

وہ خواب ہیں جو آپ کو بار بار آتے ہیں۔ لیکن ہمیشہ ایک سے نہیں بلکہ کہانی مختلف ہو سکتی ہے۔ لیکن ان کا مطلب ایک جیسا نکلتا ہو۔ یہ خواب مثبت بھی ہو سکتے ہیں۔ لیکن زیادہ تر ڈراؤنے ہوتے ہیں۔ ان کا تعلق آپ کی حقیقی زندگی سے ہو سکتا ہے کہ شاید آپ کی زندگی میں کوئی مسئلہ ہو، جب تک وہ حل نہیں ہو گا، ایسے خواب آنا بند نہیں ہوتے۔

  • Healing Dreams

یہ خواب، خواب دیکھنے والے کو ان کی صحت کے بارے میں پیغامات دینے کے کام آتے ہیں۔ ایسے خوابوں میں آپ کو آپ کی صحت کے بارے میں کسی قسم کا اشارہ ہو سکتا ہے، کہ آپ کو کیا کرنا چاہیے۔

  • Prophetic Dreams

یہ وہ خواب ہیں جو ہمیں مستقبل کے بارے آگاہی، پیشن گوئی کرتے ہیں۔ سوتے ہوئے ہمارا دماغ  ہماری معلومات اور ہمارے کیے ہوئے مشاہدات کو اکھٹا کرتا ہے، جن کو ہم عام طور پر سنجیدگی سے نہیں لیتے۔ دوسرے الفاظ میں، ہمارا لاشعور، شعور کی ساری باتیں جانتا ہے۔ جو پھر خواب کی صورت میں دکھائی دیتی ہیں۔

  • Signal Dreams

یہ خواب آپ کے مسائل حل کرنے میں آپ کی مدد کرتے ہیں یا پھر آپ کو زندگی میں فیصلے کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

  • Epic Dreams

یہ خواب اتنے واضح ہوتے ہیں کہ آپ ان کو کبھی بھول نہیں سکتے۔ جو آپ کو سالوں یاد رہتے ہیں، بالکل ایسے ہی لگتا ہے کہ جیسے ابھی پچھلی رات ہی آپ نے خواب دیکھا ہے۔ یہ خواب بہت خوبصورت ہو سکتے ہیں یا پھر خاص قسم کی علامتیں ہوتی ہیں۔ کہ جب آپ سو کر اٹھتے ہیں، تو آپ کو لگتا ہے کہ آپ کو کچھ مل گیا ہے، اور عجیب سا اپنے یا دنیا کے بارے میں احساس ہوتا ہے۔ آپ کو لگتا ہے کہ آپ کی زندگی بدل گئی ہو۔

خواب چاہے جیسے ہی کیوں نہ ہوں، ہر کوئی چاہتا ہے کہ اسے اس کے کسی خاص خواب کی تعبیر کا علم ہو جائے۔ شاید کسی اگلی پوسٹ میں کچھ خاص علامتوں کا خواب میں آنے کا مطلب بھی بتاؤں۔ (جی نہیں، میں خوابوں کی ماہر نہیں ہوں، بلکہ ایسے شوق میں پالے ہوئے ہیں، ٹیلی پیتھی، ہیپناٹزم، آسٹرالوجی، پامسٹری اور خوابوں وغیرہ کے بارے میں کتابیں پڑھتی رہتی ہوں۔) 

21 تبصرے

Sep 27 2007

سندیسے + گپیں

شائع کیا: ماوراء زمرہ: متفرقات

جیسا کہ آپ سب کو معلوم ہے کہ خواتین گپیں مارنے میں ماہر ہوتی ہیں۔ اگر آپ یہ سمجھ رہے ہیں کہ میرا اور امن کا بھی شمار ان خواتین میں ہوتا ہے تو آپ کا خیال غلط ہے۔ ہم تو معصوم بچیاں ۔۔۔ بس ذرا ہلکی پھلکی باتیں کرنے کے لیے اپنے اپنے بلاگ پر “گپ شپ“ کا ایک الگ سے زمرہ بنا رہے ہیں۔ ہمارے آن لائن ہونے کی ٹائمنگ مختلف ہیں۔ تو بس اسی لیے ہم نے بلاگ کو ایم ایس این بنانے کا سوچ لیا ہے۔  اور بلاگ پر ویسے بھی کچھ نہیں ہے تو کم از کم کوئی گپ شپ تو ہونی ہی چاہیے نا۔ :P (یہ صرف میں نے اپنے بلاگ کے لیے کہا ہے۔)

امن کا ان باکس بھی کھل چکا ہے۔ اور میرا بھی آن لائن ان باکس بن گیا ہے۔ حالانکہ میں اپنا بلاگ سب سے آخر میں (سارے کام کر چکنے کے بعد) دیکھتی ہوں۔ اچھا، امن  اس وقت میرا واقعی گپیں لگانے کا موڈ ہو رہا تھا۔ لیکن مجھے ابھی کچن میں کام کرنا ہے۔ میں سوچ رہی تھی کہ سموسے بنا کر فریز کر دوں۔ اور کل تمھارے بتائے ہوئے پکوڑے بھی بنائے تھے۔ جو کہ بہت مزے کے بنے تھے۔ اتنی زبردست ترکیب کا بہت شکریہ۔ اب یقیناً میں ہمیشہ یہی بنایا کروں گی۔:D

امن، مجھے معلوم ہے کہ آجکل تم تھوڑی فارغ ہو۔ اس لیے اس تصویر کو دیکھ کر بتاؤ کہ اس تصویر کا کیا مطلب ہے؟ یہ کمپیوٹر زیادہ استعمال کر کے ایسا ہو گیا ہے یا آجکل ڈھانچے بھی کمپیوٹر استعمال کرتے ہیں؟

اور تم یہ جب تک سنو۔ میں تلوں والے سموسے بنا آؤں۔:D

28 تبصرے