Nov 24 2008
Archive for November, 2008
Nov 15 2008
کچھوے اڑ سکتے ہیں
کچھ دن پہلے فلم “Turtles Can Fly” دیکھی۔ جو کہ کُردش فلم میکر بھمن قبادی نے لکھی اور ڈائریکٹ کی ہے۔ کردی زبان میں فلم کا نام “Kûsî Jî Dikarin Bifirin” ہے ۔ فلم 2004 میں ریلیز ہوئی اور بہت مشہور ہوئی۔
فلم عراق اور ترکی کی بارڈر پر فلمائی گئی ہے۔ جب امریکہ نے اپنی فوجیں عراق میں بھیجیں۔ فلم یتیم بچوں اور بوڑھوں سے متعلق ہے۔ اور ان میں سے کچھ بچے اپنے ہاتھ، پیروں سے محروم ہو چکے ہیں۔ فلم میں بچے کیسے رہتے ہیں اور کیا کرتے ہیں، اس کے لیے آپ کو فلم ہی دیکھنا ہو گی۔ لیکن اہم کرداروں میں تیرہ سالہ لڑکا Soran جو کہ Satellite کے نام سے مشہور ہوتا ہے۔ لڑکی، جسے Soran پسند کرتا ہے۔ اس کا نام Agrin ہے۔ اور اس کا بھائی Henkov۔ جو اپنے دونوں بازوؤں سے محروم ہوتا ہے اور آنے والے وقت میں کیا ہونے والا ہے، اسے معلوم ہو جاتا ہے۔ دونوں کے پاس ایک اندھا بچہ ہوتا ہے۔ وہ کون ہے؟ اس کے لیے فلم دیکھیے۔ :D
انگلش میں فلم آن لائن ملے گی یا نہیں۔۔ لیکن کردی میں یوٹیوب پر موجود ہے۔
Nov 09 2008
کوششِ ناتمام
فرقت آفتاب میں کھاتی ہے پیچ و تاب صبح
چشم شفق ہے خوں فشاں اختر شام کے لیے
رہتی ہے قیس روز کو لیلی شام کی ہوس
اختر صبح مضطرب تاب دوام کے لیے
کہتا تھا قطب آسماں قافلہ نجوم سے
ہمرہو! میں ترس گیا لطف خرام کے لیے
سوتوں کو ندیوں کا شوق ، بحر کا ندیوں کو عشق
موجۂ بحر کو تپش ماہ تمام کے لیے
حسن ازل کہ پردۂ لالہ و گل میں ہے نہاں
کہتے ہیں بے قرار ہے جلوۂ عام کے لیے
راز حیات پو چھ لے خضر خجستہ گام سے
زندہ ہر ایک چیز ہے کوشش ناتمام سے
علامہ محمد اقبال
علامہ یہ کہنا چاہ رہے ہیں کہ ہر ایک چیز کوشش نا تمام سے ہی زندہ ہے یعنی جد و جہد کرنا ہی حاصل زندگی ہے چاہے وہ جد و جہد رنگ لائے یا نہ لائے باقی اس میں شاعرانہ تخٰیل ہے جیسے صبح کے پیچ و تاب (طلوع) ہونے کو سورج کی فرقت کی وجہ سے، شفق کی سرخی ستاروں کیلیئے، صبح کو قیس سے اور لیلی کو شام سے تسبیہ دے کر یہ کہا کہ قیس کو لیلی کی تلاش ہے، اسی طرح سوتوں کو ندی کی جستجو ہے اور ندی کو سمندر کی اور سمندر کو چودھویں کے چاند کی (جوار بھاٹا) اور آخری شعر کہ زندگی کا راز خضر سے پوچھ لے جو آبِ حیات پی کر در بدر ہیں کہ کوشش کرنے سے ہی ہر ایک چیز زندہ ہے۔
وارث کا شکریہ۔ جنہوں نے اس نظم کو آسان الفاظ میں سمجھایا۔
Nov 07 2008
میرے آٹھ گھر
ڈفر نے سلسلہ شروع کیا۔ اس کے بعد شعیب اور فرحت نے ٹیگ کیا۔
آٹھ گھر۔۔۔!! پہلے مجھے یہ بتایا جائے کہ ان آٹھ گھروں کی صفائی کون کرے گا؟ مجھ سے تو ایک اپنے کمرے کی صفائی نہیں ہوتی، امی سے ڈانٹ کھاتی رہتی ہوں۔ خیر خواب ہی دیکھنے ہیں تو یہ بھی سمجھ لیتی ہوں کہ گھر کبھی گندے ہی نہیں ہوں گے۔ :D
کھیل کے اصول کے مطابق آپ کو فرض کرنا ہے کہ آپ جان مکین جتنے امیر ہو جائیں اور آپ کے آٹھ مکان ہوں اور یہ آٹھ مکان کہاں ہوں؟ اور کیوں؟
آپ صرف اسی ملک میں مکان بنا سکتے ہیں جہاں آپ رہتے ہیں اور میک کین بن سکتے ہیں۔ اس ٹیگ پوسٹ کے بعد آٹھ دوسرے بلاگرز کو ٹیگ کریں اور گھر بنانے کے لئے پراپرٹی کی قیمت کی فکر نہ کریں۔
چونکہ اپنا ٹھکانہ ایک نہیں ہے، اس لیے میں گھر دو جگہوں پر بناؤں گی۔
1۔ پہلا گھر اسلام آباد کے خوبصورت اور پرسکون ایریے میں ایک زبردست سا گھر بناؤں گی۔ اسلام آباد سے مجھے پتہ نہیں کیوں انسیت سی ہے، دوسرا پرسکون علاقہ ہے۔ یہ الگ بات ہے میرے آنے کے بعد کسی نے اس کا خیال نہ رکھا اور سکون برباد ہو گیا۔
2۔ دوسرا اپنے آبائی گاؤں میں۔ جہاں سے خاندان کی جڑیں شروع ہوتی ہیں۔ اور پہچان ہے۔
3۔ کشمیر جنت نظیر ۔
اس لیے کہ خوبصورت علاقہ ہے اور میں ہمیشہ یہی کہتی ہوں کہ لوگوں کا سانس شاید کچھ اور دیکھ کر رکتا ہو۔۔ لیکن میرا قدرتی خوبصورتی کو دیکھ کر رک جاتا ہے۔:D

بڑے سائز میں دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں
4۔ ایک لاہور میں۔ لاہور مجھے تب جانے کا بہت شوق تھا، جب میں نے لاہور نہیں دیکھا تھا، جب لاہور گئی تو سارا شوق اتر گیا۔ بہرحال ایک تاریخی شہر ہے۔ اور بہت سی وہاں جگہیں دیکھنے والی ہیں، وہاں گھر بنا کر رہوں گی تاکہ سارا لاہور دیکھ سکوں۔ اور وہاں کے مزے مزے کے کھانے کھا سکوں۔
اب ناروے کی طرف
5۔ برگن میں گھر ضرور بناؤں گی، ناروے کا بہترین اور خوبصورت شہر ہے، اور سات پہاڑوں کے درمیان ہے۔
![]()
6۔ ایک نارتھ ناروے میں کسی بھی شہر میں بنا لوں گی۔ تاکہ پورے ملک کا چکر لگتا رہے۔ وہاں آدھی رات سورج کو نکلے ہوئے بھی دیکھ سکوں گی۔ اور دن کو چاند نکلا ہوا۔ اور شاید Aurora بھی۔
7۔ ایک گھر سمندر کے کنارے یا پہاڑی پر۔ جہاں سے سمندر کا نظارہ کر سکوں۔

تصویر یہاں سے لی گئی۔
8۔ اور ایک اوسلو میں۔ اوسلو میں جتنی رونق ہے، اتنی کسی شہر میں نہیں۔ اور اوسلو میں ہولمن کولن میں۔ جہاں سے سارے اوسلو کا نظارہ کیا جا سکتا ہے۔

تصویر یہاں سے لی گئی۔
اس پوسٹ کو لکھنے سے مجھے اندازہ ہو گیا ہے کہ آٹھ گھر بنانا کتنا مشکل کام ہو گا۔ کیونکہ ابھی خواب دیکھنا اور لکھنا ہی بہت مشکل تھا۔
اب میں اپنے آٹھ ساتھیوں کو بھی آٹھ گھر بنانے کی دعوت دیتی ہوں۔ حجاب، شگفتہ، امن، عمار، میرا پاکستان، شکاری، خرم اور جہانزیب۔ اگر ان ناموں میں سے کوئی پہلے لکھ چکا ہے تو اسے اگنور کر دیں۔ اور روابط دینا مشکل لگ رہا ہے۔ کل دوں گی۔
Nov 07 2008
فلکر: اوبامہ فوٹوسٹریم
اوبامہ کی تصاویر جو ان کے پرسنل اسٹنٹ اور فوٹوگرافر David Katz نے بنائی ہیں۔
http://www.flickr.com/photos/barackobamadotcom/

Nov 03 2008
میں نے ووٹ ڈال دیا۔:D
امریکہ امریکہ امریکہ۔۔۔۔آجکل جس کو دیکھو امریکہ کی رٹ لگائے ہوئے ہے۔لیکن ہماری ٹیچر نے تو ایک مہینے سے کچھ زیادہ ہی رٹ لگائی ہوئی ہے۔ اپنے ساتھ ساتھ ہمارا سر بھی چکرا کے رکھ دیا۔ امریکہ کے الیکشن کیا، سارا سیاسی نظام اور صدارتی تاریخ پڑھوا کے رکھ دی۔ یو ٹیوب پر اللہ جانے کون کون سی ویڈیوز کھول کھول کر دکھا دیں۔ جب وہ ویڈیوز لگاتی تو میں اردو محفل کھول کر بیٹھ جاتی۔اور آج تو حد ہی کر دی، پورا بیلٹ بکس ہی کلاس میں اٹھا لائی، اور ووٹنگ شروع کر دی۔ اس لیے میں پیشن گوئی کرتی ہوں کہ اوبامہ جیت جائے گا، کیونکہ آج ہماری کلاس میں بھی اوبامہ انکل بائیس، تئیس ووٹوں سے جیتے۔ جبکہ مکین بابا کو صرف ایک ووٹ ملا۔ وہ بھی ٹیچر کا خیال تھا کہ جس نے مکین کو ووٹ دیا ہے، اس کو شاید امریکی الیکشنز کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں ہیں
۔ بہرحال کس کو معلومات ہیں اور کس کو نہیں۔۔میں تو اللہ کا شکر ادا کر رہی ہوں کہ صبح یہ الیکشن ختم ہوں گے۔ اور امریکہ کے علاوہ ہمیں کچھ اور بھی سوجھے گا۔
میں نے اوبامہ کو ووٹ کیوں دیا؟ کیونکہ مجھے مکین پسند نہیں
۔


حالیہ تحاریر
فیڈ
تلاش
ماہانہ محفوظات 
ShoutBox