Sep 30 2008
Archive for September, 2008
Sep 29 2008
آہ۔۔۔یہ عید؟
رمضان کا آغاز سعودی عرب کے ساتھ کیا گیا تو یقین تھا کہ عید بھی سعودی عرب کے ساتھ ہی منائی جائے گی۔ ایک بلاگ پڑھنے پر پتہ چلا کہ سعودی عرب میں چاند نظر آ گیا ہے۔ حالانکہ میرا موڈ نہیں تھا کہ کل عید ہو کہ ابھی میری تیاریاں مکمل نہیں ہوئیں۔ لیکن پھر بھی یہ سن کر کے سعودی عرب میں چاند نظر آ گیا ہے، تو ذہن بنا ہی لیا۔ لیکن ہمارے مولوی تو اپنا ہی راگ الاپنے میں لگے ہوئے ہیں، انگلینڈ میں عید ہو گئی، سعودی عرب میں ہو گئی، خدا جانے انہوں نے تیس روزے رکھ کر کونسا ثواب کمانا ہے۔ جب رمضان سعودی عرب کے ساتھ شروع کیا تو عید پاکستان کے ساتھ کیوں؟؟![]()
آخری روزہ کھلتا ہی ہے تو فون پہ فون آنا شروع ہو جاتے ہیں، کہ مسجد والے شام کے وقت اپنا فون ہی بند کر دیتے ہیں۔ اب سننے میں آ رہا ہے کہ مدنی مسجد والے عید منا رہے ہیں اور باقی مسجدوں والے روزہ رکھیں گے۔ اور عربی دوستیں بھی ایس ایم ایس کر کے عید کی مبارک دے رہی ہیں۔![]()
Sep 28 2008
کتنا حسین چہرہ
پیلن اور زرداری کی ملاقات کی ویڈیو یہاں دیکھی۔۔۔ جس میں میوزک زبردست گانے کا ایڈ کیا ہے۔ :D
گانا کچھ اسطرح ہے۔
کتنا حسین چہرہ، کتنی پیاری آنکھیں
کتنی پیاری آنکھیں ہیں، آنکھوں سے چھلکتا پیار
قدرت نے بنایا ہو گا، فرصت سے تجھے میرے یار
تیری نظر جھکے تو شام ڈھلے، جو اٹھے نظر تو صبح چلے
تو ہنسے تو کلیاں کھل جائیں، تجھے دیکھ کے حور بھی شرمائے
تیری بکھری بکھری زلفیں، تیری مہکی مہکی سانسیں
تیری کوئل جیسی بولی، تیری میٹھی میٹھی باتیں
جی چاہے میرا یونہی تیرا کرتا رہوں دیدار
قدرت نے بنایا ہو گا فرصت سے تجھے میرے یار
دنیا میں حسین اور بھی ہیں، ہو گا نہ کوئی تیرے جیسا حسین
رنگیں جواں مدہوش بدن تو حسن و شباب کا ہے گلشن
تیرے انگ سے خوشبو برسے، پریوں سی سندر کایا
جو کچھ سوچا تھا میں نے، وہ سب کچھ تجھ میں پایا
تیری ایک ادا پہ میں صدقے جاؤں سو بار
قدرت نے بنایا ہو گا فرصت سے تجھے میرے یار
ابھی تو شکر ہے کہ مِس پاکستان محلیج صاحبہ نے مشرف کو ہی پسند کیا، ورنہ اگر زرداری کے ساتھ وہ Dating کے لیے بےتاب ہوتیں تو کچھ بعید نہیں تھی، کہ زرداری صاحب ڈیٹ پر جانے کے لیے تیار بھی ہو جاتے۔ :D
نوٹ: رمضان میں تو ویسے میں نے گانے سننا چھوڑے ہوئے ہیں، لیکن یہ سنے بغیر نہ رہ سکی۔:D
Sep 28 2008
الوداع رمضان
اگر آپ اس پوسٹ کو پڑھنے جا رہے ہیں تو پہلے سے بتا دوں کہ آپ کو نیند آ جائے گی۔ میرا یہ سب باتیں لکھنے کا موڈ ہو رہا تھا، اس لیے لکھ دیا، آپ بے شک نہ پڑھیں۔:)
کہا جاتا ہے کہ رمضان کا مہینہ ختم ہونے پر غم کا اظہار کرنا چاہیے کہ رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ رخصت ہو رہا ہے۔ لیکن خدا جانے میرے ساتھ اس بار ایسا کیا ہوا ہے کہ میں نے رمضان ختم ہونے کے لیے دن گن گن کر گزارے ہیں۔ (اللہ معاف کرنے والا ہے۔) زندگی کا بدترین رمضان گزرا۔۔ فجر کی نماز کے علاوہ کوئی نماز نہیں پڑھی۔۔قرآن مجید ایک دن کھولا۔لیکن اللہ کا شکر روزے سارے رکھے۔ زندگی کا سب سے اچھا رمضان پچھلا رمضان گزرا تھا۔ جب میں نے پورا قرآن مجید ختم کیا اور اعتکاف بھی بیٹھی۔ آگے بڑھنے کے بجائے اس بار میں پیچھے چلی گئی۔
اس بار تو سارا سارا دن نیند نے ہی پیچھا نہیں چھوڑا۔۔۔کلاس میں سارا وقت سو کر گزارا۔۔۔شام کو گھر آ کر سارا وقت سو کر گزارا ، روزہ کھلنے پر امی جگا دیتیں۔ صبح سحری بند آنکھوں کے ساتھ کی البتہ افطاری کے وقت آنکھیں کھل جاتی تھیں۔:D
پچھلے دنوں کچھ مصروفیت بھی رہیں، جس کی وجہ سے مسینجر پر کم آئی، جس کی کچھ لوگ شکایت کر رہے ہیں۔:) بھائی کو لاڈز یونیورسٹی میں ایڈمیشن ملا، اسے جانا تھا۔ اس کی تیاریاں بڑی مشکل سے ختم ہوئیں۔ اور جب اللہ اللہ کر کے چلا گیا تو ہر آدھے گھنٹے بعد تو اس کو فون کرنا پڑ رہا تھا۔ جہاز میں بیٹھ گئے ہو؟ جہاز سے اتر گئے ہو؟ ٹیکسی میں بیٹھ گئے ہو؟ ہاسٹل پہنچ گئے ہو؟ سحری کا وقت ہو گیا ہے اٹھ جاؤ، افطار ہو گئی ہے، اب روزہ کھول لو۔مارکیٹ گیا ہے تو فون کر کے بتاؤ کہ کیا کیا گھر کے لیے لے کر آنا ہے۔ کمرہ سیٹ کر ہو رہا ہے تو ساتھ ساتھ فون پر ہدایتیں دی جا رہی ہیں۔ غرض یہ کہ ایک ہفتہ تو میرا خوب خرچا ہوا ہے۔ اب میں اپنے موبائل کے بل کا انتظار کر رہی ہوں۔:)
ایک یا دو دن بعد عید ہے۔ اللہ کا شکر کہ عین وقت پر ہمیں موسمِ خزاں کی ہفتے کی چھٹیاں ہو گئیں۔ جس کی وجہ سے عید اچھی گزر جائے گی۔ اور مجھے سال میں ایک بار کچن میں جانے کا موقع بھی مل جائے گا۔ تو میں نے عید کا مینو کچھ اس طرح بنایا ہے کہ پچھلی عید کی طرح اس بار بھی میٹھی ڈش میں لبِ شیریں بناؤں گی کیونکہ پچھلی بار سب کو بہت پسند آئی تھی۔ عربی پلاؤ اور اس کے ساتھ شیش کباب۔ اور امی اچار گوشت کے ساتھ نان بنائیں گی۔ ہماری فیملی پہلے ہی چھوٹی سی ہے، اور اب اور بھی چھوٹی چھوٹی لگ رہی ہے، گھر میں خاموشی سی۔۔:(اس عید پر کچھ خاص مزہ بھی نہیں آئے گا۔ :(

Sep 24 2008
بلاگ کیسے بنایا جائے؟
یہ سکرین شاٹس میں عزیز امین کے لیے پوسٹ کر رہی ہوں۔اور یقیناً عزیز امین جیسے اور لوگوں کے بھی کام آ سکتے ہیں۔:p
عزیز امین، اب بھی اگر سمجھ نہ آئی تو بس پھر مزید میں نے نہیں سمجھانا۔
1۔
اردو ٹیک ڈاٹ نیٹ (ورڈپریس) پر بلاگ بنانے کے لیے نیچے دئیے گئے لنک پر جائیں۔ اور رجسٹر ہو جائیں۔
رجسٹر ہونے کے لیے لنک: http://urdutech.net/wp-signup.php
2۔
ای میل ملنے کے بعد بلاگ پر لاگ ان ہو جائیں۔ اب آپ کے سامنے ڈیش بورڈ ہے۔ اس کے بعد۔۔۔
سکرین شاٹس کی نئی ونڈو کھلنے کے بعد تصویر پر ایک بار پھر کلک کریں۔
اپڈیٹ:
بلاگ پر ویڈیو کیسے پوسٹ کریں؟
بلاگ پر تصویر کیسے پوسٹ کی جائے؟
لنک کیسے دینا ہے
Sep 06 2008
پاکستان: نیا صدر
آصف زرداری پاکستان کے نئے صدر۔ یہ تو وقت ہی بتائے گا کہ کیسے صدر ثابت ہوں گے۔ لیکن فی الحال سب کو مبارک۔
ہم لوگوں کی بہت بری عادت یہ ہے کہ کسی حال میں خوش نہیں رہتے۔ ہر کسی کو برا کہنے کی ہمیں عادت سی ہو گئی ہے۔ اس طرح جو اچھا بھی ہوتا ہے، برا بننے پر مجبور ہو جاتا ہے۔ نئے صدر کی خواہش میں ہم نے سابق صدر مشرف کو کس طرح صدارت کے عہدے سے ہٹایا، سب کو معلوم ہے۔ لیکن ابھی جو صدر بنا ہی نہیں تھا۔۔۔ ہم اس کو صدر بننے سے پہلے ہی برا بھلا اور اس کے خلاف جانے کیا کیا کیچڑ اچھال رہے ہیں۔
اور ایک بات ہمیشہ یاد رکھیں, جو میں نے شب کے بلاگ پر بھی کہی کہ “جیسے ہم لوگ ہیں، ویسے ہی ہمیں لیڈر ملیں گے۔”ہمیشہ مثبت سوچیں، حوصلہ افزائی کریں اور صرف پاکستان کے بارے میں سوچیں۔ جب تک ہم اچھے نہیں ہوں گے، تب تک ہمیں کچھ بھی اچھا نہیں ملے گا۔
آج انتخابات کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
اللہ سے دعا ہے کہ اس قسم کے ہر جھٹکے سے ہمیں محفوظ رکھے۔ آمین۔
قومی اسمبلی میں آصف زرداری کو 281، سعید الزماں صدیقی کو 111، اور مشاہد حیسن کو 34 ووٹ ملے۔
پنجاب اسمبلی میں آصف زرداری کو 123، سعید الزماں صدیقی کو 201 جبکہ مشاہد حسین کو 36 ووٹ ملے۔
سرحد اسمبلی میں زرداری کو 107 ، سعید الزماں صدیقی کو 10 اور مشاہد حسین کو 3 ووٹ ملے۔ جبکہ 4 ووٹ مسترد ہوئے۔
سندھ اسمبلی میں کل 166 ووٹ تھے، 163 کاسٹ ہوئے، آصف زرداری کو 162 ووٹ ملے۔
بلوچستان اسمبلی میں آصف زرداری کو 59 جبکہ صدیقی اور مشاہد حسین کو 2,2 ووٹ ملے۔
سورس: جیو ڈاٹ ٹی وی
آج یوم دفاع بھی ہے، آپ سب کو یوم دفاع مبارک ۔ اس پر پچھلے سال کچھ لکھا تھا۔
Sep 02 2008























حالیہ تحاریر
فیڈ
تلاش
ماہانہ محفوظات 
ShoutBox