Oct 17 2007
لبِ شیریں
زندگی کی پہلی عید تھی، جس پر میں نے صبح اٹھ کر میٹھا بنایا۔ اور امی کی پہلی عید تھی، کہ کسی عید پر انھیں صبح میٹھا نہیں بنانا پڑا۔ میں شاید اس عید پر بھی نہ بناتی، لیکن حجاب نے ذکر کیا تھا کہ عید پر وہ لبِ شیریں بنا رہی ہے۔ جس کی ترکیب اس نے محفل پر پوسٹ کی ہوئی ہے۔ تو میں نے سوچا، کہ میں بھی یہی عید پر بناؤں گی۔ ساری چاند رات تو میں سوئی ہی نہیں، صبح سونے لگی تو امی نے اسی وقت کہہ دیا کہ کچھ بنانا ہے تو بنا لو، کیونکہ میں نے پہلے ہی شور مچایا ہوا تھا کہ اس عید پر سویٹ ڈش سمیت کھانا بھی میں بناؤں گی۔ اللہ کا نام لے کر لبِ شیریں بنانا شروع کی۔ بناتے بناتے ڈر لگ رہا تھا کہ جانے کیسی بنے، یا مجھ سے کچھ خراب نہ ہو جائے، پہلی بار ٹرائی کر رہی ہوں۔ اور وہ بھی عید کے دن کام خراب ہو گیا تو مزہ بھی خراب ہو جائے گا۔ بہرحال امی نے مجھے تسلی دی، کہ صحیح نہ بنی تو میں نے دوسری ڈش کا بندوبست کیا ہوا ہے۔ کیونکہ انھیں یہ بھی یقین نہیں تھا کہ میں صبح اٹھ کر کوئی کام کر لوں گی۔
بہرحال، لبِ شیریں نہایت ہی آسانی سے اور بہت جلدی بن گئی۔ نیچے دی گئی ترکیب حجاب کی ہے۔ اس کے مطابق میں نے بنائی تو ماشاءاللہ دو ڈونگے تو بن ہی گئے تھے۔ اور گھر میں سب کو اتنی پسند آئی۔ کہ سبھی نے بہت تعریف کی۔ اور عید کے دوسرے دن دوست نے کھانے پر انوائٹ کیا ہوا تھا۔ تو اسے میں نے پہلے سے ہی کہہ دیا کہ سویٹ میں بنا کر لاؤں گی۔ اس طرح عید کے دوسرے دن بھی ہم نے لبِ شیریں کو مزے لے لے کر کھایا۔ حجاب کا بھی شکریہ، کہ اس نے اتنی اچھی ترکیب بتائی۔ ہاں، بلکہ عید پر لبِ شیریں بنا کر حجاب کو اسی وقت کال بھی کر کے بتایا۔ اور حجاب نے بھی عید پر بنانے کے لیے چیزیں لا کر گھر میں رکھی ہوئی تھیں۔ حجاب کو بھی لبِ شیریں کی وجہ سے عیدی خوب ملی ہے۔ اس نے ماشاءاللہ چار ڈونگے بنائے تھے اور چاروں چٹ بھسم ہو گئے۔:D
ترکیب یہ ہے۔ آپ بھی بنائیں اور مجھے اور حجاب کو دعائیں دیں۔
لبِ شیریں
اجزاء
دودھ – ایک کلو۔
مکس فروٹ ٹِن۔
کریم – ایک پیکٹ۔
پاستہ سویّاں ( رنگ برنگی )پیکٹ کا چوتھائی حصّہ۔(اُبال لیں )
2 سیب باریک کٹے ہوئے۔
3 کیلے لمبائی میں باریک کاٹ لیں۔
2 آم باریک کاٹ لیں۔
عرقِ گلاب ایک چائے کا چمچ۔
کارن فلور ایک بڑا کھانے کا چمچ۔
چینی ایک کپ۔
ترکیب۔
ایک کلو دودھ میں سے تھوڑا سا دودھ نکال کر باقی چولہے پر رکھ دیں ، جب دودھ اُبلنے کے قریب ہو تو جس دودھ کو الگ رکھا ہے اس میں کارن فلور حل کرکے چولہے پر رکھے دودھ میں ڈال دیں ۔آہستہ آہستہ چمچ ہلائیں اور پھر چینی بھی شامل کر دیں۔جب مناسب گاڑھا ہو جائے تو چولہا بند کردیں اور اس کو ٹھنڈا ہونے کے لیئے رکھ دیں ، ٹھنڈا ہونے پر اس میں فروٹ ٹِن میں سے آدھا فروٹ اور کریم شامل کر کے اچھی طرح بلینڈ کر لیں ، اب بچا ہوا آدھا فروٹ ٹِن کے فروٹ ، اُبالی ہوئی سویّاں ،سیب ، کیلا اور آم شامل کر کے ٹھنڈا ہونے کے لیئے رکھ دیں ،ٹھنڈا ہونے پر روح افزاء، کریم اور پستے بادام سے گارنش کریں۔



حالیہ تحاریر
فیڈ
تلاش
ماہانہ محفوظات 
ShoutBox
on 18 Oct 2007 at 4:02 am
ماو اتنا سارا لکھا اور پتہ نہیں وہ کہاں چلا گیا
ماو ریسپی اور آپ کی کار گزاریاں پڑھ کر مزا آیا۔۔۔کوشش جاری رکھیں۔۔بہت جلد ماما آپ کی صلاحیتوں پر اعتبار کرنے لگے گیں۔۔اچھا ماو ڈش کا نام کچھ زیادہ رومانٹک نہیں ہے کیا۔۔؟ :grin:
اس تبصرے کا جواب دیں
on 18 Oct 2007 at 5:17 am
واوووووو، زبردست ، زم زم ، سچی سے دےکھنے سے ھی بوھت مزے کا،
اس تبصرے کا جواب دیں
on 19 Oct 2007 at 7:42 am
چلو، خیر ہے امن۔ ان الفاظ کی قسمت میں نہیں تھا کہ میرے بلاگ پر لکھے جاتے۔
امی مجھے کہتی ہیں۔ تم میں بڑا غرور ہے کہ تم ہر کام کر لیتی ہو۔ ہمیں بھی سارے کام کرنے آتے ہیں۔ :grin:
واقعی اس کا نام بڑا ہی رومنٹک ہے۔ میں تو ہر دلہن کو یہ ہی ہدایت کروں گی کہ شادی کے بعد سسرال میں پہلی میٹھی ڈش یہی بنائے۔ :razz:
باجو، شکریہ شکریہ۔ ابھی آخر میں میں اس کی سجاوٹ کی ایک چیز بھول ہی گئی تھی۔
اس تبصرے کا جواب دیں
on 20 Oct 2007 at 3:55 am
ماو امی سے کہیں نا کہ یہ غرور نہیں خود آگاہی ہے۔۔۔ :razz: ویسے سچ مچ کہہ نہ دیجیئے گا۔۔بڑوں کو اس بات پر بڑا غصہ آتا ہے کہ چھوٹے انہیں لاجواب کیوں کردیتے ہیں۔ :grin:
:mrgreen: ماو سسرال والوں نے کہنا ہے دلہن تو جادوگرنی لگتی ہے۔۔پہلے دن ہی اتنے معنی خیز نام کی ڈش بنا کرکھلا رہی ہے۔۔لگتا ہے میاں کے ساتھ ساتھ ہمیں بھی قابو کرنے کے چکر میں ہے۔
اس تبصرے کا جواب دیں
on 20 Oct 2007 at 10:26 am
بڑوں کو تو ہر بات پر ہی غصہ آ جاتا ہے۔ :grin:
ہاہاہا۔ بس میں نے کچھ ایسا ہی کرنا ہے۔ سسرال والے قابو میں آ جائیں تو باقی خیر ہوتی ہے۔ :razz:
اس تبصرے کا جواب دیں
on 28 Sep 2008 at 2:48 pm
[...] طرح بنایا ہے کہ پچھلی عید کی طرح اس بار بھی میٹھی ڈش میں لبِ شیریں بناؤں گی کیونکہ پچھلی بار سب کو بہت پسند آئی تھی۔ عربی [...]