آج اردو بلاگز میں ایک اور بلاگ کا اضافہ ہو گیا۔ میری اور امن کی کوششیں رنگ لائیں، اس نے اور میں نے جو تحریک چلائی تھی اس کی پہلی کامیابی یہ ہے کہ خواتین بلاگرز میں ایک اور بلاگ کا اضافہ ہو گیا۔ اب تک جن اردو ٹیک کی خواتین بلاگرز کو ہم جانتے ہیں، ان میں شگفتہ، امن، ماورا، فرحت اور اب حجاب۔امن، ماورا اور حجاب کی مثلث تو پہلے سے ہی بنی ہوئی ہے، لیکن اب بلاگنگ میں بھی بن گئی ہے۔ اب اللہ خیر ہی کرے۔:p
حجاب کے بارے میں کچھ بتاتی چلوں۔ حجاب اردو محفل کی ممبر ہونے کے علاوہ میری بہت اچھی دوست بھی ہے۔ اس کی تعریف میں صرف اتنا ہی کہوں گی کہ اس سے زیادہ اچھی لڑکی میں نے نہیں دیکھی۔ سب ہی بہت اچھی ہیں۔ لیکن حجاب میں کچھ ایسی خاص اچھی عادتیں ہیں جن کی وجہ سے اس کی شخصیت نہایت ہی متاثر کن ہے۔ زیادہ تعریف نہیں کروں گی، کہیں زیادہ ہی خوش نہ ہو جائے۔ یاد رہے کہ حجاب نے اپنا بلاگ “شب“ کے نام سے بنایا ہے۔ اور اس نے تھیم بھی اپنے لیے منتخب کی ہے۔ اس لیے اردو ٹیک کے ان افراد جو تھیم اردوانے کا کام کر رہے ہیں، سے گزارش ہے کہ جلدی سے یہ تھیم بھی اردوا دیں۔ حجاب جلد ہی اپنے بلاگ پر کوئی اچھی سی تحریر پوسٹ کریں گی۔ میری طرف سے حجاب کو بلاگنگ کی دنیا میں خوش آمدید اور شکریہ کہ ہمارے کہنے پر بلاگ بھی بنایا۔
دوسری بات یہ کہ کل تک مجھے تھیم میں اردو پیڈ ایڈ کرنے کا طریقہ آیا تھا لیکن آج اس نے کام کرنا بھی شروع کر دیا۔ میرے بلاگ کے پچھلے تھیم کے حلیے سے مجھے اور آپ کو اندازہ ہو جانا چاہیے کہ ماشاءاللہ میں کتنی محنت کر رہی ہوں۔ لوکل ہوسٹ پر تھیم اے ون لگ رہا ہے۔ بس اب کچھ فانٹ سائز کا مسئلہ رہ گیا ہے اور کچھ فائلز کا ترجمہ۔ لیکن ترجمے کا تو مسئلہ ہی نہیں۔ سب سے مشکل کام اردو اوپن پیڈ کو ایڈ کرنے کا تھا۔ جو حل ہو گیا۔ مجھے یقین نہیں آ رہا کہ میں اتنے کام کی بندی بھی ہو سکتی ہوں۔ منڈے سے میری جاب بھی شروع ہے، وقت کم ملے گا لیکن پھر بھی اب اسے پہلے فرصت میں مکمل کر کے آپ سب کو اس کا دیدار کرواتی ہوں۔ ویسے تو انگریزی میں ہی بہت اچھا لگ رہا ہے۔ بس اردو پیڈ ڈال دیا جائے تو کام ختم۔ باقی سارے اضافی کام ہیں۔
شگفتہ نے ایک بار کسی کام پر مجھے “ویل ڈن ماورا“ کہا تھا۔ آج مجھے بھی اپنے آپ کو کہنے کا دل کر رہا ہے۔ “ویل ڈن ماورا“۔:p
آج پھر تھیم کی وجہ سے صبح کے پانچ بج گئے ہیں۔ لیکن ایک اہم بات یہ کہ میں بلاگنگ کے موڈ میں نہیں ہوں، اس لیے میرا بلاگ کچھ دنوں یا عرصے کے لیے ٹیسٹنگ بلاگ ہی سمجھئے۔ اور باقی کچھ نہایت ہی اہم باتیں کسی اگلی پوسٹ میں۔
محترم قارئین، اگر آپ میرے بلاگ پر آ گئے ہیں اور آپ کو اس کی حالت کچھ بگڑی ہوئی لگے، تو کوئی بات نہیں۔ کیونکہ یہاں تعمیری کام ہو رہا ہے۔ اس لیے میں آپ کو واپس مڑ جانے کو کہوں گی۔ اور یہاں میں تن تنہا کام کرنے والی ہوں۔ اس لیے ہو سکتا ہے کہ ایک ہفتہ یا اس سے کم یا اس سے زیادہ دن بھی لگ سکتے ہیں۔ حتمی طور پر کچھ کہا نہیں جا سکتا، کیونکہ معمار نہایت ہی نا لائق ہے۔ لیکن اس کی ایک خاصیت یہ بھی ہے کہ اگر وہ کسی چیز کے پیچھے پڑ جائے تو اس کو انجام تک پہنچا کے ہی چھوڑتا ہے۔ اس لیے آپ سب خاطر جمع رکھیں، جلد ہی بازار میں ایک نئی اردو تھیم دستیاب ہو گی۔ اور اگر اس نے مارکیٹ میں اچھا بزنس کیا تو میں یقین دلاتی ہوں، اس کے بعد تھیمز کی ایک لائن لگ جائے گی۔ لیکن ایک مسئلہ ہے، مجھے مدد کی ضرورت پڑے گی، لیکن میں کسی کو کہنا نہیں چاہ رہی۔ کیونکہ پہلے اپنی عزت کروا چکی ہوں۔ اگر کوئی شوق سے میری مدد کرنا چاہتا ہے تو اس کو تحفے میں ایک عدد فری تھیم اردوا کر دوں گی۔ اردو اوپن پیڈ شامل کرنا کل تک میرے لیے ایک مشکل مرحلہ تھا، لیکن آج طریقہ آ گیا۔ یاد رہے، یہ تھیم ابھی انگریزی کی ہی ہے۔ لیکن کچھ فائلز چیک کرنے کے لیے اپلوڈ کی ہیں۔
محب علوی، اگر مدد کروانے کا سوچ رہے ہیں، تو میرا جواب ہے: نو تھینکس:p
ساجد، اگر سوچ رہے ہیں تو۔۔۔ساجد ہیں تو اچھے۔ لیکن پچھلی بار بہت منتیں کرنی پڑیں۔ اب نہیں۔
راہبر، یہ بچہ اچھا ہے، برداشت بی بہت ہے اس میں۔:p
عبید، عبید تو آجکل دکھائی ہی نہیں دے رہے۔
اگر کسی نے حامی نہ بھری تو خود ہی کرنا پڑے گا، جس کو اردواتے ہوئے ہفتے سے بھی زیادہ وقت لگ جائے۔ آج بھی ساری رات تھیم کے ساتھ ہی لگی رہی، وقت دیکھا تو صبح کے پانچ۔
پورے اوسلو میں ایک دریا آکش ایلوا بہتا ہوا گزرتا ہے۔ اوسلو کے کسی حصے میں چلے جائیں سامنے یہ دریا ضرور آ جاتا ہے۔ ہمارے گھر کے سامنے سے بھی اس کا گزر ہوتا ہے۔ جس کی کچھ تصویریں میں نے محفل پر بھی پوسٹ کی ہوئی ہیں۔ کچھ دن پہلے بہن کے کالج کا ٹرپ بھی گیا ہوا تھا تو وہ تصویریں بنا کر لائی تھی۔ جو مجھے تو بہت اچھی لگ رہی ہیں، تو سوچا یہاں بھی پوسٹ کر دوں۔ پہلی تصویر میں موسم خزاں کی آمد کا بھی اندازہ ہو رہا ہے۔ یہاں مزید تصاویر بھی دیکھنے کو مل جائیں گی۔
زندگی کی پہلی عید تھی، جس پر میں نے صبح اٹھ کر میٹھا بنایا۔ اور امی کی پہلی عید تھی، کہ کسی عید پر انھیں صبح میٹھا نہیں بنانا پڑا۔ میں شاید اس عید پر بھی نہ بناتی، لیکن حجاب نے ذکر کیا تھا کہ عید پر وہ لبِ شیریں بنا رہی ہے۔ جس کی ترکیب اس نے محفل پر پوسٹ کی ہوئی ہے۔ تو میں نے سوچا، کہ میں بھی یہی عید پر بناؤں گی۔ ساری چاند رات تو میں سوئی ہی نہیں، صبح سونے لگی تو امی نے اسی وقت کہہ دیا کہ کچھ بنانا ہے تو بنا لو، کیونکہ میں نے پہلے ہی شور مچایا ہوا تھا کہ اس عید پر سویٹ ڈش سمیت کھانا بھی میں بناؤں گی۔ اللہ کا نام لے کر لبِ شیریں بنانا شروع کی۔ بناتے بناتے ڈر لگ رہا تھا کہ جانے کیسی بنے، یا مجھ سے کچھ خراب نہ ہو جائے، پہلی بار ٹرائی کر رہی ہوں۔ اور وہ بھی عید کے دن کام خراب ہو گیا تو مزہ بھی خراب ہو جائے گا۔ بہرحال امی نے مجھے تسلی دی، کہ صحیح نہ بنی تو میں نے دوسری ڈش کا بندوبست کیا ہوا ہے۔ کیونکہ انھیں یہ بھی یقین نہیں تھا کہ میں صبح اٹھ کر کوئی کام کر لوں گی۔
بہرحال، لبِ شیریں نہایت ہی آسانی سے اور بہت جلدی بن گئی۔ نیچے دی گئی ترکیب حجاب کی ہے۔ اس کے مطابق میں نے بنائی تو ماشاءاللہ دو ڈونگے تو بن ہی گئے تھے۔ اور گھر میں سب کو اتنی پسند آئی۔ کہ سبھی نے بہت تعریف کی۔ اور عید کے دوسرے دن دوست نے کھانے پر انوائٹ کیا ہوا تھا۔ تو اسے میں نے پہلے سے ہی کہہ دیا کہ سویٹ میں بنا کر لاؤں گی۔ اس طرح عید کے دوسرے دن بھی ہم نے لبِ شیریں کو مزے لے لے کر کھایا۔ حجاب کا بھی شکریہ، کہ اس نے اتنی اچھی ترکیب بتائی۔ ہاں، بلکہ عید پر لبِ شیریں بنا کر حجاب کو اسی وقت کال بھی کر کے بتایا۔ اور حجاب نے بھی عید پر بنانے کے لیے چیزیں لا کر گھر میں رکھی ہوئی تھیں۔ حجاب کو بھی لبِ شیریں کی وجہ سے عیدی خوب ملی ہے۔ اس نے ماشاءاللہ چار ڈونگے بنائے تھے اور چاروں چٹ بھسم ہو گئے۔:D
ترکیب یہ ہے۔ آپ بھی بنائیں اور مجھے اور حجاب کو دعائیں دیں۔
لبِ شیریں
اجزاء
دودھ – ایک کلو۔
مکس فروٹ ٹِن۔
کریم – ایک پیکٹ۔
پاستہ سویّاں ( رنگ برنگی )پیکٹ کا چوتھائی حصّہ۔(اُبال لیں )
2 سیب باریک کٹے ہوئے۔
3 کیلے لمبائی میں باریک کاٹ لیں۔
2 آم باریک کاٹ لیں۔
عرقِ گلاب ایک چائے کا چمچ۔
کارن فلور ایک بڑا کھانے کا چمچ۔
چینی ایک کپ۔
ترکیب۔
ایک کلو دودھ میں سے تھوڑا سا دودھ نکال کر باقی چولہے پر رکھ دیں ، جب دودھ اُبلنے کے قریب ہو تو جس دودھ کو الگ رکھا ہے اس میں کارن فلور حل کرکے چولہے پر رکھے دودھ میں ڈال دیں ۔آہستہ آہستہ چمچ ہلائیں اور پھر چینی بھی شامل کر دیں۔جب مناسب گاڑھا ہو جائے تو چولہا بند کردیں اور اس کو ٹھنڈا ہونے کے لیئے رکھ دیں ، ٹھنڈا ہونے پر اس میں فروٹ ٹِن میں سے آدھا فروٹ اور کریم شامل کر کے اچھی طرح بلینڈ کر لیں ، اب بچا ہوا آدھا فروٹ ٹِن کے فروٹ ، اُبالی ہوئی سویّاں ،سیب ، کیلا اور آم شامل کر کے ٹھنڈا ہونے کے لیئے رکھ دیں ،ٹھنڈا ہونے پر روح افزاء، کریم اور پستے بادام سے گارنش کریں۔
اللہ کا شکر ہے کہ آج اتنے سالوں بعد مجھے پہلی بار سننے کو ملا ہے کہ ناروے میں ساری مسجدوں نے مشترکہ فیصلے سے 29 روزوں کے بعد یعنی 12 اکتوبر کو ایک ساتھ عید منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ میں نے تو بس 29 روزوں کی ہی دعا تھی۔ شکر ہے قبول ہوئی۔
ابھی پچھلے دنوں کی ہی بات ہے کہ بہار آئی تھی۔ وقت اتنی جلدی گزر جاتا ہے اور پتہ بھی نہیں چلتا۔ اور دوسرا موسم پَر لگا کر آ جاتا ہے۔ آجکل موسمِ خزاں کی پہلی پہلی ہوائیں اور پہلی پہلی بارش زوروں پر ہے۔ اور اس کے ساتھ ہی سکولوں، کالجوں میں موسمِ خزاں کے شروع میں ایک ہفتے کی چھٹیاں بھی ہو گئی ہیں۔ بلکہ ہر موسم کے آغاز میں ایک ہفتہ چھٹیاں ضرور ہوتی ہیں۔ سوائے گرمیوں کی چھٹیوں کے ۔ وہ دو مہینے کی ہوتی ہیں۔
یہ چھٹیاں شاید اسی لیے ہوتی ہیں کہ ہم ہر موسم کو انجوائے کر سکیں۔ کیا آپ نے کبھی موسموں کو انجوائے کیا ہے؟ اس حوالے سے مجھے William Davies کی نظم “Leisure” تب سے ہی بہت پسند ہے، جب سے میں نے اسے پہلی بار پڑھا تھا۔ اور اب یہی وجہ ہے کہ میں موسمِ خزاں کی چھٹیاں انجوائے کرنے کے لیے کمپیوٹر کا پیچھا کچھ دن کے لیے چھوڑ رہی ہوں۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے۔ کہ جو لوگ مجھ سے تنگ ہیں۔ ان کو کچھ دن سکون مل جائے گا۔ لیکن فکر نہ کریں۔ میں دوبارہ تنگ کرنے کے لیے کچھ ہی دن میں واپس آ جاؤں گی۔ اور شاید یہ وجہ بھی ہو سکتی ہے کہ جن سے میں تنگ ہوں۔ ان سے کچھ دن کے لیے مجھے چھٹکارا مل جائے گا۔ تب تک آپ کی موسم کو انجوائے کریں اور میں بھی چھٹیاں بھر پور انداز میں منا کر آتی ہوں۔:p